نئی دہلی،24نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے ایوان میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر امریندر سنگھ کا استعفی آج قبول کر لیا۔اسپیکر نے کہا کہ میں نے 23نومبر سے ان کا استعفی قبول کر لیا ہے۔سنگھ نے کل لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کی تھی اور ایوان کی رکنیت سے اپنا استعفی انہیں سونپا تھا۔امرندر سنگھ نے ستلج-جمنا لنک(ایس وائی ایل )نہر پانی تقسیم کے معاہدے پر سپریم کورٹ کے 10نومبر کے فیصلے کے بعد پنجاب کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہونے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے خلاف پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفی کا اعلان کیا تھا۔پنجاب میں ایس وائی ایل سمجھوتہ ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے جہاں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔سابق وزیر اعلی سنگھ ریاست میں اکالی دل اور بی جے پی اتحاد سے اقتدار حاصل کرنے کے لئے کانگریس کی انتخابی مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔سنگھ نے 2014کے لوک سبھا انتخابات میں امرتسر سیٹ سے بی جے پی کے سینئر لیڈر ار جیٹلی کو شکست دی تھی۔